News Details

23/06/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کی بہترین پارلیمانی روایات ہیں، یہاں اختلاف میں بھی شائستگی اور باہمی احترام کی روشن روایات موجودہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کی بہترین پارلیمانی روایات ہیں، یہاں اختلاف میں بھی شائستگی اور باہمی احترام کی روشن روایات موجودہیں جس کا واضح ثبوت حال ہی میں صوبائی اسمبلی میں ایک پرامن انداز میں نئے مالی سال کے بجٹ کا پیش ہونا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان روایات کو پروان چڑھانے میں یہاں کے میڈیا کابہت اچھا کرداررہا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز پشاور پریس کلب کابینہ کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جس نے پریس کلب کے صدر ایم ریاض کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور صحافیوںکے فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں عمران بخاری، یاسر حسین اور نادر خواجہ شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، سیکرٹری انفارمیشن ارشد خان اور ڈی جی انفارمیشن امداد اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو صحافیوں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے اور ان کے حل کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وفد کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے میڈیا انکلیو اور پشاور پریس کلب کی عمارت سے متعلق معاملات پر پیشرفت کے لئے جلد ایک اجلاس منعقد کرنے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پریس کلب کے لئے دو کروڑ روپے خصوصی گرانٹ کا چیک وفدکے حوالے کیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کا چوتھا ستون کہلاتا ہے جو معاشرے میں آگاہی، رہنمائی اور حقوق کا شعور اجاگر کرتا ہے، ان کی حکومت نہ صرف میڈیا کی مثبت تنقید کا خیرمقدم کرتی ہے بلکہ جہاں کہیں ضروری ہو اس کی رہنمائی سے اصلاح بھی کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کے حصول اور صوبہ کے مفادات کے تحفظ کی خاطر خیبرپختونخوا میں حکومت اور میڈیا کے مابین مثالی تعلقات کار موجود ہیں جو یہاں کی روشن روایات کے مطابق باہمی احترام پر مبنی ہیں۔وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ان کی حکومت کو صحافیوں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے اور ان کے حل کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے ایک بہترین، عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر نئے مالی سال کے لئے صوبائی بجٹ کو بڑی پذیرائی ملی ہے، انہوں نے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔