News Details

17/06/2021

صوبائی حکومت صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، زرعی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے اور زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کے لئے خودروزگار ی کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زراعت کے شعبے کی ترقی کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، زرعی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے اور زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کے لئے خودروزگار ی کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں زراعت، لائیوسٹاک، ماہی پروری اور باغبانی کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان مواقع کا بھر پور استعمال یقینی بناکر صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے دور رس اقدامات اٹھار ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ سے گفتگو کرنے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ان سے ملاقات کی اوروزیراعظم کے نیشنل ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کے تحت صوبے میں زراعت کے شعبے میں جاری اصلاحات اوراقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر زراعت محب اللہ اور سیکرٹری زراعت محمد اسرار کے علاوہ دیگر متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے اور خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پھلوں، سبزیوں اور زرعی اجناس کی پیداوار کو خاطر خواہ حد تک بڑھانے کے لئے صوبائی حکومت کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی، ڈیری پیداوار میں اضافے، ٹراوٹ مچھلی کی پیداوار کو بڑھانے، آبی وسائل کے تحفظ ، زیتون کی کاشت اور زراعت کے شعبے کی مجموعی ترقی کے ذریعے غربت کے خاتمے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نیشنل ایگریکلچر ایمر جنسی پروگرام کے تحت صوبے میں جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبے میں وزیراعظم کے نیشنل ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کے تحت جاری اقدامات کو کامیاب بنانے اور صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق ترقی دینے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اپنے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی پیداوار میں خود کفالت کو اپنی پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی کے علاوہ اس پالیسی پر عملدرآمد کے لئے ایک قابل عمل ایکشن پلان بھی تیار کرلیا ہے جو قلیل المدتی ، وسط المدتی اور طویل المدتی اقدامات پر مشتمل ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی فوڈ سیکیورٹی پالیسی ایک کثیر الجہتی پالیسی ہے جس میں زراعت کے شعبے سے جڑے تمام دیگر ذیلی شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور اس پالیسی پر عملدرآمد کے نتیجے میں صوبہ زرعی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے صوبے کی فوڈ پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی کی تیاری کو زرعی شعبے میں خود کفالت کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔