News Details

11/06/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے زیر صدارت نیو بالاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس جمعرات کے روزوزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے زیر صدارت نیو بالاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس جمعرات کے روزوزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ، کمشنر ہزارہ ریاض محسود،متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ڈائریکٹر جنرل ایرا، ڈائریکٹرجنرل پیرا، چیف انجنیئر نیو بالاکوٹ سٹی پروجیکٹ ، متعلقہ کنسلٹنٹس اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں نیو بالاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ پر اب تک کی پیش رفت ، منصوبے میں تاخیر کی وجوہات ، منصوبے کی تکمیل کے لئے مجوزہ فیزیبیلٹی سٹڈی ، تفصیلی ڈیزائن اور ماسٹر پلان سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے منصوبے کی تکمیل کے لئے مجوزہ ماسٹر پلان سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کے قیام کے لئے مجموعی پلان میں پرانے بالاکوٹ سٹی کے زلزلہ متاثرین کے جائز مسائل و تحفظات کا ازالہ اور ان کے اعتماد کی بحالی پہلی ترجیح ہونی چاہئیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصل مقصد بالاکوٹ سٹی کے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنا اور اس سلسلے میں متاثرین سے کئے گئے حکومتی وعدوں کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ مشاورت کے بعد آگے بڑھنے اور انہیں جتنا جلدی ممکن ہو سکے ریلیف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے لئے کمشنر ہزارہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو متاثرین کی مشاورت سے پندرہ دنوں کے اندر ٹھوس لائحہ عمل پیش کرے گی جس کے بعد حتمی پلان منظوری کے لئے وزیراعظم پاکستان کو پیش کیا جائیگا۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکرٹری مواصلات کے علاوہ ایرا ، پیرا، نسپاک ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگا ن شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ منصوبے میں پہلے سے بہت تاخیر ہو چکی ہے لہٰذا اس منصوبے کی تکمیل اور متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں مزید کسی تاخیر کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کرے اور حقیقت پسندانہ ٹائم لائن وضع کرکے پیش کرے تاکہ سولہ سالوں سے التوا کے شکار اس منصوبے کوتیز رفتاری سے مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے موجودہ دور میں ہی مذکورہ منصوبے کو پایہ تکمیل تک لے جانے اور متاثرین سے کئے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں شرکاءاجلاس کو منصوبے کی فیزیبیلٹی سٹڈی اور مجوزہ ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیو بالاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ضلع مانسہرہ میں بکریا ل کے مقام پر قائم کیا جارہا ہے جو ہزارہ موٹر وے سے 1.6 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ منصوبے کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے دو سیکٹرز پر کام مکمل ہے ۔ مجوزہ ماسٹر پلان کے مطابق نیو بالاکوٹ سٹی 8440 کنال پر مشتمل ہے جس میں سات سے بیس مرلہ تک کے 6753 رہائشی پلاٹس قائم کئے جائیں گے جن میں سے 4273 پلاٹس پرانے بالاکوٹ سٹی کے متاثرین کے لئے مختص کئے گئے ہیںجو متاثرین کو مفت الاٹ کئے جائیں گے۔ جبکہ 700 پلاٹس بکریا ل کے مقامی لوگوں کے لئے مختص ہےں۔ علاوہ ازیں 575 کمرشل پلاٹس بھی ڈویلپ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے کے لئے زمین حاصل کر لی گئی ہے اور نوے فیصد زمین مالکان کو ادائیگی بھی کی جاچکی ہے۔ منصوبے کا مجموعی طور پر تخمینہ لاگت تقریباً پندرہ ارب روپے ہے۔