News Details
10/06/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ موجودہ حکومت کی شروع دن سے ترجیح رہا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ موجودہ حکومت کی شروع دن سے ترجیح رہا ہے ، اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میںبھی ضم اضلاع میں جاری منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صحت، تعلیم، آبنوشی ، مواصلات ، صنعت ، زراعت اور اہم خدمات کے دیگر شعبوں میں مسائل کے حل کیلئے متعدد سکیمیں آئندہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائیں گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ضم اضلاع کے تمام شعبوں میں ترجیحی منصوبوں کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضم اضلاع سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ شرکائ کو آگاہ کیا گیا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضم اضلاع میں جاری منصوبوں کی تکمیل ترجیح ہو گی ، تمام بنیادی شعبوں میں خدمات کی موثر فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اے ڈی پی اور اے آئی پی کے تحت تمام تر ترجیحی منصوبوں کو 2023 تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے ازالے اور ضرورت کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان بھی مجوزہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبے منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے شروع کئے جائیں گے۔ متعلقہ عوامی نمائندے اپنے حلقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کرنا گزیر منصوبوں کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ اس کے مطابق ضم اضلاع کے ترقیاتی پلان کو بلا تاخیر حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم اضلاع کے طبی مراکز میں عملے کی کمی کوپورا کرنے ، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اسکے علاوہ ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی منصوبے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ ا ±نہوںنے کہاکہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر قائم لائن کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے جائزہ اجلاس کے انعقاد کا سلسلہ حسب سابق جاری رہے گا۔ اصل مقصد ضم اضلاع کی ترقی ہے اور اس مقصد کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ضم اضلاع سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاور ت کرنے پر وزیراعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کیا