News Details
28/05/2021
رشکئی اسپیشل اکنامک زون ایک خواب تھا جو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حقیقت میں بدل گیا۔محمود خان
رشکئی اسپیشل اکنامک زون ایک خواب تھا جو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حقیقت میں بدل گیا۔محمود خان
عوام سے کئے گئے وعدے ایک ایک کرکے پورے کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے رشکئی خصوصی صنعتی زون کو حقیقی معنوں میں گیم چینجر اور تاریخ ساز منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس سے صوبے کی معیشت باالخصوص اور ملکی معیشت باالعموم مستقل بنیادوں پر مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعتی زون کو ایک کامیاب منصوبہ بنانے اور مختلف علاقوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لیے سوات موٹر وے فیز ٹو، پشاور ڈی آئی خان موٹر وے، خیبر پاس اکنامک کوریڈور، دیر ایکسپریس وے سمیت دیگر اہم منصوبوں پرپیش رفت جاری ہے اور ان کی تکمیل سے خیبر پختونخوا ایک صنعتی حب کے طور پر ابھرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں توانائی، مواصلات ،و صنعت کے شعبوں میں دیگر منصوبے بھی میچور ہو چکے ہیں جن کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو ایک صنعت دوست ماحول فراہم کر رہے ہیں جس سے مستقبل قریب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی اور صنعتی سر گرمیوں کا انقلاب برپا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے انہیں ایک ایک کر کے پورا کیا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ وزیراعظم عمران خان نے باقاعدہ طور پر اس منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔ وفاقی وزیر پرویز خٹک، صوبائی کابینہ اراکین، اراکین اسمبلی کے علاوہ چینی حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون ایک خواب تھا جس کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک حقیقت میں بدل دیا گیا ہے اور اب اس منصوبے کے ثمرات سمیٹنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ لوگوں کو سستے گھروں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس سے کم آمدنی والے طبقے بھر پور مستفید ہوںگے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شعبہ صنعت کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لئے ایک قابل عمل انڈسٹریل روڈ میپ وضع کیا گیا ہے جس میں متعدد اکنامک زونز کا قیام بھی شامل ہے۔ حطار ، جلوزئی، نوشہرہ اور ڈی آئی خان اکنامک زونز کا افتتاح کیا جا چکا ہے جبکہ غازی ، چترال ،مہمند ، درآبن ، مہمند ماربل سٹی، بونیر ماربل سٹی اور دیگر اہم منصوبوں پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ رشکئی اکنامک زون منصوبہ ادویہ سازی، آٹو موبائلز ، گھریلو ایپلائیسز ، برآمدی مصنوعات اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کا حب ثابت ہوگا۔ رشکئی خصوصی اقتصادی زون موجودہ حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو سی پیک فریم ورک کے صنعتی تعاون کے تحت قائم کیا جارہا ہے۔ ایک ہزار ایکڑ وسیع رقبے پر محیط اس منصوبے کی تکمیل سے ملازمتوں کے تقریباً دو لاکھ مواقع پیدا ہوں گے جبکہ دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کا تخمینہ لاگت تقریباً128 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ منصوبے کے تحت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سروس کے ذریعے تمام سہولیات کی فراہمی ، دس سال کے لئے ٹیکس چھوٹ ، پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمدت، چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سروسز، جدید ترین ٹیلی کام اور آئی ٹی کی بنیاد پر ڈھانچے کی فراہمی اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم ہوں گی۔وزیر اعلیٰ نے اس منصوبے کی کامیاب لانچنگ پر وزیراعظم عمران خان ، چینی حکام اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔