News Details
02/05/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کاگزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی عملہ کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بنانے اور توڑپھوڑ کے واقعے کا سخت نوٹس
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی عملہ کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بنانے اور توڑپھوڑ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس اور ہسپتال انتظامیہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلی نے پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کو واقعے کی انکوائری جلد مکمل کرکے اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہسپتالوں میں اس طرح کے واقعات کو غیر قانونی اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ہے کسی کو بھی ہسپتالوں کے پر امن ماحول کو خراب کرنے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی اس مشکل صورتحال میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، ان کا احترام اور تحفظ سب سے مقدم ہے، حکومت ان کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی اور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔