News Details

01/05/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان میں تعینات جنوبی کوریا کے سفیر سوہ سنگ پیو نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان میں تعینات جنوبی کوریا کے سفیر سوہ سنگ پیو نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے میں پن بجلی اور بلدیات کے شعبوں میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کے علاوہ مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی اور مختلف شعبوں میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اُصولی اتفاق کیا گیا ۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑااور اکبر ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور موجودہ حکومت اُن تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور مذہبی سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس وقت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے ، صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے جبکہ صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ جنوبی کورین سفیر نے کہا کہ مختلف جنوبی کورین کمپنیاں صوبے میں پن بجلی اور بلدیات کے شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کسی بھی شعبے میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کا نہ صرف خیر مقدم کرے گی بلکہ اس سلسلے میں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی ۔