News Details
27/04/2021
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا ماربل کارخانوں کا گندہ پانی اور ملبہ جمع ہونے سے ورسک ۔جمرود روڈ کی خستہ حالی اور اس سے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا نوٹس
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ماربل کارخانوں کا گندہ پانی اور ملبہ جمع ہونے سے ورسک ۔جمرود روڈ کی خستہ حالی اور اس سے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ صنعت کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت محکمہ آبپاشی اور ماحولیات کے متعلقہ اہلکاروں کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا اور معاملے کی انکوائری کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر پشاور اور ضلعی انتظامیہ پشاورکو ہدایت کی ہے کہ ورسک روڈ پر قائم ماربل فیکٹریوں میں سے جن فیکٹریوں میں آلودہ پانی اور ملبے کو ٹھکانے لگانے کا مناسب انتظام موجود نہ ہو ان کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور جب تک یہ فیکٹریاں گندے پانی اور دیگر مواد کو ٹھکانے لگانے کا مناسب انتظام نہ کر یں تب تک ان کوڈی سیل نہ کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ سڑک کی خستہ حالی اور اس کے نتیجے میں علاقے کے مکینوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے منگل کے روز ایک خصوصی اجلاس طلب کر لیا تھا ۔ ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان، سیکرٹری صنعت جاوید مروت، سیکرٹری ماحولیات اسلام زیب اور سیکرٹری آبپاشی طاہر اورکزئی کے علاوہ کمشنر پشاور ، سی سی پی او پشاور ، ڈپٹی کمشنر پشاور ، ڈپٹی کمشنر خیبر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کی گئی غیر قانونی ماربل فیکٹریوں کومالکان کی ملی بھگت سے دوبارہ کھولنے کی شکایت پر وزیر اعلی نے تھانہ ملاگوری کے ایس ایچ او کو بھی فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے اور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور کو مذکورہ ایس ایچ او کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیر اعلی نے تمام متعلقہ محکموں کو ایک ہفتے کے اندر مذکورہ سڑک کو ہر قسم کے تجاوزات اور ماربل فیکٹریوں کے مواد سے مکمل طور پر صاف کرکے رپورٹ پیش کرنے جبکہ کمشنر پشاور کو مذکورہ سڑکوں کے اطراف پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔اس کے علاو ¿ہ وزیر اعلیٰ نے علاقے میں منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لیے پولیس کو علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے اور علاقے کو ہر قسم کی منشیات سے پاک کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،تمام محکمے اور ادارے عوام کی خدمت کے لئے ہیں اور عوامی خدمت میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ورسک روڈ پر قائم ماربل فیکٹریوں کی وجہ سے جنم لینے والی ماحولیاتی آلودگی کے موثر تدارک کیلئے ان کارخانوں کو مہمند ماربل سٹی میں شفٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصدکیلئے پہلے سے تیار کردہ پلان پردی گئی ٹائم لائنز کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔