News Details

25/04/2021

آج کا دن پارٹی کے منشور اور ملک کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے پارٹی قائد عمران خان کے وڑن کی تکمیل کے لئے تجدید عہد کا دن ہے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی قیادت، عہدیداران اور جملہ کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پارٹی کے منشور اور ملک کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے پارٹی قائد عمران خان کے وڑن کی تکمیل کے لئے تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن بحیثیت پارٹی کارکن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پارٹی قائد عمران خان کی قیادت میں پارٹی منشور پر عملدرآمد کے لئے اپنی اجتماعی اور انفرادی کوششیں آخر دم تک جاری رکھیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی 25 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا محور ریاست مدینہ کی طرز پر ایک ایسے اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے جس میں انصاف کا بول بالا ہو، میرٹ کا بالادستی ہو، قانون سب کے لئے برابر ہو ، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، قومی وسائل انسانوں کی ترقی پر خرچ ہوں اور حکمران صحیح معنوں میں عوام کو جوابدہ ہوں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ آج سے 24 سال قبل پارٹی قائد عمران خان نے پارٹی کی بنیاد رکھ ایک محدود پیمانے پر تبدیلی کے جس سفر کا آغاز کیا تھا وہ سفر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم ، پارٹی کارکنان کی کوششوں اور عوام کے تعاون سے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہم پارٹی قائد عمران خان کی بصیرت افروز قیادت میں اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چئیرمین عمران خان نے آج سے 24 سال قبل اپنی چند ساتھیوں کے ساتھ جس پارٹی کی بنیاد رکھی تھی الحمدللہ آج وہ پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے جو صرف اور صرف پارٹی قائد عمران خان کی مخلصانہ قیادت اور پارٹی کارکنان خصوصا نوجوانوں کی انتھک کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ پارٹی کارکنان کو پارٹی کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے دنوں میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے اور پارٹی کا انقلابی پیغام گھر گھر تک پہنچانے کے لئے مزید لگن اور محنت سے کام کریں گے۔ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف وہ سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کئی دہائیوں سے جاری دو پارٹی سسٹم اور موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کے کارکنوں کو عزت دی یہی وجہ ہے کہ دوسری جماعتوں کی موروثی سیاست سے بیزار عوام نے اس پارٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرکے اسے اقتدار میں لے آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے باری باری اس ملک پر حکمرانی کرنے والے سیاسی جماعتوں نے عوام کو صرف سبز دکھا کر ووٹ حاصل کرنے اور اقتدار میں آکر اپنی تجوریاں بھرنے کے علاوہ عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے باشعور عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی مخلصانہ قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت پارٹی فلاحی ریاست کے قیام کے سلسلے میں پارٹی قائد عمران خان کے وڑن کی تکمیل کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت مربوط اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت پارٹی قائد عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں صوبے کے عوام کو صحت اور تعلیم کے علاوہ زندگی کی دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر ان کا معیار زندگی بہتر بنانے، قدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ کرکے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور اسے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، اداروں میں بنیادی اصلاحات کے ذریعے شفافیت اور میرٹ کا نظام رائج کرنے ، بدعنوانی کا مکل خاتمہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کا تسلسل مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی اور فلاحی ریاست کے قیام کے خواب کی تکمیل میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔