News Details
23/04/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری اور علمائے کرام سمیت تمام طبقہ ہائے زندگی پر زور دیا ہے کہ وہ اس وباءکے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ایس او پیز اور دیگر حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری اور علمائے کرام سمیت تمام طبقہ ہائے زندگی پر زور دیا ہے کہ وہ اس وباءکے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ایس او پیز اور دیگر حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میںاپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباءکی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے جو ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اسلئے تمام طبقہ ہائے زندگی اور عوام الناس کو ایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے سلسلے میں سنجیدہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ حکومت مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اُٹھا رہی ہے مگر حکومتی اقدامات تب تک موثر ثابت نہیں ہو سکتے جب تک عوام حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ نہیں کریں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اجتماعی اور انفرادی طور پر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرکے ہی اس مشکل صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کے روز پشاور کے تاجروں کے ایک نمائندہ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور کورونا وباءکی موجودہ صورتحال سے متعلق مختلف معاملات کے علاوہ بازاروں کی بندش کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔ وفدکے ارکان نے رمضان کے مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے حکومت کی طرف سے رمضان سستے بازاروں ، سستے موبائل شاپس اور" کوئی بھوکا نہ سوئے" جیسے اقدامات کوسراہا اور اس سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وفد سے اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران تاجر برادری ، علمائے کرام اور عوام نے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے حکومت اُس لہر سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوئی ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ تاجر برادری ، علمائے کرام اور عوام الناس موجودہ صورتحال میں بھی اسی تعاون کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے عوام سے خصوصی اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور خصوصاً فیس ماسک کے استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد خصوصاًماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے اور اُنہیں ریلیف دینے کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی ۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ نے بذریعہ ویڈیو لنک وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی برائے کوڈ کے ایک اجلاس میں شرکت کی اور صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال، اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات ، کورونا مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئے ہسپتالوں کے استعداد کارمیں اضافے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے فورم کو آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے قومی سطح کی حکمت عملی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے تجاویز بھی پیش کیں۔