News Details
21/04/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے ، صوبائی حکومت کے متعدد میگا منصوبے میچور ہو چکے ہیںاور آنے والے دنوں میں ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے ، صوبائی حکومت کے متعدد میگا منصوبے میچور ہو چکے ہیںاور آنے والے دنوں میں ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ متعدد اہم ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کا افتتاح کیا جائے گا اور اُمید ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود ان میگا منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔بدھ کے روزوزیراعظم عمران خان کے دورہ پشاور کے دوران چار اہم منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کی ترقی ، صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ جلوزئی میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کے تحت رہائشی فلیٹس کا منصوبہ کم آمدنی والے لوگوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے جس سے 1320 خاندان مستفید ہوں گے ۔ چترال۔شندورروڈ کی کشادگی اور بحالی کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ مواصلات کے شعبے کا ایک اہم منصوبہ ہے ۔ سی پیک کی متبادل سڑک کے طور پر استعمال ہو گا ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو معیاری سفری سہولیات کی دستیابی کے علاوہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ۔153 کلومیٹر طویل سڑک کی کشادگی کے منصوبے پر 16 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔پشاور تا درہ آدم خیل قومی شاہراہ کی بہتری و بحالی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2.8 ارب روپے لاگت کا منصوبہ درہ آدم خیل اورملحقہ علاقوں کو صوبائی دارلحکومت پشاور سے ملائے گا۔ 35 کلومیٹر طویل اس شاہراہ کی بحالی سے پشاور اور درہ آدم خیل کے درمیان مسافت میں 70 فیصد کمی آئے گی ۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں نئے او پی ڈی بلاک کے افتتاح کے حوالے سے محمود خان نے کہا کہ نوتعمیر شدہ اوپی ڈی بلاک جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے جو صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی میںسنگ میل ثابت ہو گا۔ 90 کمروں پر مشتمل یہ بلاک ہر قسم کی جدید سہولیات سے آراستہ ہے جو عوام کو او پی ڈی سے جڑی تمام تر سہولیات اور خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کے افتتاح پر صوبے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے افتتاح کے لئے تشریف لانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ۔