News Details

19/04/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چینی سفیر نونگ رونگ ( Nong Rong) نے ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چینی سفیر نونگ رونگ ( Nong Rong) نے ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ شدہ 50ا سکولوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ، جن میں 24 بوائز سکولز اور26 گرلز سکولز کی تعمیر نو شامل ہے ۔ منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت2323 ملین روپے ہے جس میں سے 868 ملین روپے حکومت پاکستان فراہم کرے گی جبکہ 10.29 ملین امریکی ڈالر چائینز حکومت فراہم کرے گی ۔ یہ منصوبہ جنوری2023 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ایک افتتاحی۱ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میںصوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پرسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر عمل درآمدسے متعلق محکمہ تعلیم اور متعلقہ چینی حکام کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ اور چینی سفیر کو ضم اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے اور سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک زندہ مثال ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو میں تعاون فراہم کرنے پر وہ چینی حکومت کے مشکور ہیں اور چینی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہے۔صوبائی حکومت سکولوں کو اپ گریڈ کرنے ، سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے ، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے اور اُن کی تربیت کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت موجودہ حکومت کے فلیگ شپ منصوبے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گاجس سے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔اپنی گفتگو میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے اور چینی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہشمند ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے ۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چائینز حکومت پاکستان میں غربت کے خاتمے اورمعاشی ترقی کے شعبوں میں بھی کام کرنے کی خواہاں ہے