News Details

17/04/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ چارسدہ میں نو تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح کیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ چارسدہ میں نو تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح کیا۔ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ نیا بلاک عارضی طور پر کورونا مریضوں کے لئے مختص کیا گیا ہے جہاں پر کورونا مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے 120 ایچ ڈی یو بیڈز اور نو آئی سی یو بیڈز قائم کرنے کے علاوہ علاج معالجے کی دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان ایچ ڈی یو اور آئی سی یو بیڈز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا اور فضل شکور، وزیر اعلی کے معاون خصوصی عارف آحمدزئی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری صحت امتیاز حسین شاہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی نے نو تعمیر شدہ بلاک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ محکمہ صحت کے حکام نے وزیر اعلی کو نئے بلاک میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا کی موجودہ مشکل صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، کورونا کے مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے صوبے کے ہسپتالوں کی استعداد کار کو روزانہ کی بنیادوں پر بڑھا جارہا ہے، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں آٹھ ہزار ٹیسٹس روزانہ تک بڑھا دیا گیا ہے اور کورونا ویکسینیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ حکومت اس وبا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے بھی تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا حکومتی اقدامات تب تک موثر ثابت نہیں سکتے جب تک عوام حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ نہ کرے۔ انہوں شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لئے کورونا ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس وباءکے پھیلاو کو کم سے کم کیا جاسکے۔