News Details

15/04/2021

وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت ذہین اور ضرورت مند طلبہ کو تعلیمی اخراجات میں مدد فراہم کرنے کے لیے رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کا اجرا کر دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت ذہین اور ضرورت مند طلبہ کو تعلیمی اخراجات میں مدد فراہم کرنے کے لیے رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کا اجرا کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں 878 طلبہ کو سکالرشپس فراہم کی جائیں گی جن کی کل مالیت 34 کروڑ روپے ہے جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں 23 کروڑ روپے مالیت کی کل 4600 سکالرشپس فراہم کی جائیں گی جن میں سے پچاس فیصد میرٹ کی بنیاد پر اور پچاس فیصد ضرورت مند طلبہ کو دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ سکالرشپ پروگرام کو موجودہ حکومت کا ایک تعلیم دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کااجراءموجودہ حکومت کا اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کی جانب ایک اور اہم عملی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحمت العالمین اسکالرشپ پروگرام میں خیبر پختونخوا حکومت بھرپور حصہ ڈال رہی ہے ، صوبائی حکومت اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کا جو وژن ہے اسے عملی جامہ پہنانے میں ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں معیاری تعلیم کا فروغ شروع دن سے صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل رہا ہے ، نہ صرف ذہین اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل طلباءو طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع دیئے جارہے ہیں بلکہ ضرورت مند طلباءو طالبات کی مالی معاونت بھی جاری ہے ۔ خیبرپختونخوا حکومت طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی مد میںمدد فراہم کرنے کیلئے پہلے سے اسکالرشپس فراہم کر رہی ہے تاکہ سب کو تعلیم کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار اداکرتی ہے ، ا س کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت شعبہ تعلیم کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی، معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کے علاوہ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم داﺅد خان اور سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم یحییٰ اخونزادہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔