News Details

04/04/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نےمتعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اشتراک کار کے لئے جوائینٹ ونچرز کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جائے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کو قومی اہمیت کا حامل اور صوبائی حکومت کا اہم ترجیحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اشتراک کار کے لئے جوائینٹ ونچرز کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جائے اور مذکورہ اکنامک زون کی کمرشل لانچنگ کے لئے تمام متعلقہ ادارے اور شراکت دار اپنی ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ وہ گزشتہ روز رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان، سیکرٹری صنعت جاوید مروت، خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مبشر حسن داود، اسپیشل اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے سربراہ جاوید خان اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ چینی تعمیراتی کمپنی چائینہ روڈ اینڈ برج کمپنی کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد رکھنے کے لئے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رشکئی اکنامک زون تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ گیس اور بجلی کی فراہمی اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی کمپنی کی ٹیم سائٹ پر پہنچ چکی ہے اور سلسلے میں وفاقی حکومت کی طرف سے ادائیگیاں بھی کی جاچکی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں قائم کئے جانے والے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے متعدد مراعات دی جارہی ہیں جن میں مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی میں چھوت اور صوبائی ٹیکسز میں چھوٹ شامل ہیں۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ رشکئی اکنامک زون کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرچکی ہیں۔ اجلاس میں رشکئی اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے لئے غیر ملکی سامایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے بیرون ملک خصوصا چین میں رشکئی اکنامک زون کی بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ کی ضروت پر زور دیتے ہوئے تعمیراتی کمپنی چائینہ روڈ اینڈ برج کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ وہ مارکیٹنگ کے عمل کو مزید تیز اور وسیع کرے۔ چائینہ روڈ اینڈ برج کمپنی کے حکام کی طرف سے اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانہ چین میں رشکئی اکنامک زون کی مارکیٹنگ مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں، متعدد چینی سرمایہ کاروں نے اس اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے خواہش کا اظہار بھی کیا ہے اور کورونا کی صورتحال بہتر ہوتے ہی چینی صنعتکاروں کا وفد رشکئی اکنامک زون کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کو صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروع کے لئے ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ ملے گا، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر اس کی بروقت تکمیل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔