News Details

02/04/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا ویکسینیشن کو بھی صحت کارڈ پلس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا ویکسینیشن کو بھی صحت کارڈ پلس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں صوبے کے عوام کورونا ویکسین بالکل مفت لگوا سکیں گے۔ وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے اعلی حکام کو کورونا ویکسینیشن صحت کارڈ سکیم میں شامل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھانے اور جلد سے جلد یہ سارا عمل مکمل کرنےکی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی حالیہ صورتحال میں یہ ضروری ہوگیا تھا کہ حکومت لوگوں کو اس وبا کے علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کرے جس کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن کو صحت کارڈ سکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کڈنی ٹرانسپلانٹ اور لیور ٹرانسپلانٹ کو صحت کارڈ اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے اب کورونا ویکسین کو بھی شامل کرنے سے سے یہ اسکیم سماجی تحفظ کی ایک جامع اسکیم بن جائے گی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جو اپنی سو فیصد آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے جو صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے اور یہ وزیر اعظم عمران خان کے اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہے۔