News Details

31/03/2021

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان عمر لودھی نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان عمر لودھی نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں یوٹیلیٹی اسٹورز میں عوام کو رمضان پیکج کی فراہمی سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وباءکی وجہ سے صوبے کا متوسط اور غریب طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور موجودہ حکومت ان طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کا خصوصی خیال رکھنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے میں غریب اور متوسط طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں کہا کہ متعلقہ حکام رمضان المبارک کے مہینے میں صوبے کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔