News Details
27/03/2021
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عوام الناس سے پر زور اپیل کی ہے وہ احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عوام الناس سے پر زور اپیل کی ہے وہ احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ اس وبا کے وسیع پیمانے پر پھیلاو کو روکا جاسکے۔ صوبے کے عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور روز بروز اس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہوگیا ہے اور صوبائی حکومت اس وبائ کے پھیلاو کو روکنے لئے تمام ترضروری اقدامات اٹھا رہی ہے جن کا واحد مقصد لوگوں کو اس وبائ سے محفوظ بنانا ہے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر گز نہیں چاہتی کہ تعلیمی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں سمیت دیگر معمولات زندگی بند یا محدود ہوں لیکن صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر حکومت وسیع تر عوامی مفاد میں کچھ سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہے جن کا واحد مقصد عوام کو اس خطرناک وباء سے محفوظ بنانا ہے کیونکہ حکومت کے لئے عوام کی جانوں کا تحفظ سب سے مقدم ہے۔
کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران صوبے کے کاروباری حضرات اور علمائے کرام سمیت عوام کے تعاون کو مثالی قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عوام صورتحال کی نزاکت اور سنجیدگی کا ادراک کرتے ہوئے اس دفعہ بھی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیر اعلی نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ موجودہ مشکل صورتحال میں علماء کرام ، تاجر برادری اور عوام الناس کے تعاون کو بے حد ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ہی اس مشکل صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔ اس وبا کو اللہ تعالٰی کی طرف سے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالٰی قوم کو اس آزمائش میں سرخرو کرے اور تمام ہم وطنوں کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔