News Details
26/03/2021
موجودہ حکومت نے سیاحت کے فروع کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر سیدو شریف ائیرپورٹ سوات کو کمرشل پروازوں کے لئے کھول دیا ہے
موجودہ حکومت نے سیاحت کے فروع کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر سیدو شریف ائیرپورٹ سوات کو کمرشل پروازوں کے لئے کھول دیا ہے اور سترہ سال کے طویل عرصے کے بعد قومی ائیر لائن نے سوات کے لئے فلائٹس بحال کر دی ہیں، پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن کی پہلی پرواز جمعہ کے روز مسافروں کو لیکر اسلام آباد سے سوات پہنچی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، وفا قی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور اور وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید بھی افتتاحی پرواز کے ذریعے سوات پہنچے۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لئے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی جو کراچی اور لاہور سے اسلام آباد آنے والی پروازوں سے منسلک ہونگی۔ علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ، اور سول ایوی ایشن کے اعلی حکام نے ائیرپورٹ پر مسافروں کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس سلسلے میں سوات ائیر پورٹ پر ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان تھے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے سوات ائیرپورٹ پر فلائٹس کی بحالی پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے سوات کے عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔ وزیراعلیٰ نے سوات ائیر پورٹ کیلئے پروازوں کی بحالی کے لئے وزیر اعظم عمران کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مراد سعید کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ وزیراعلی نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور کے علاوہ پی آئی اے، سول ایوی ایشن، اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ نے پروازوں کی بحالی کو علاقے کی تیز رفتار ترقی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا وزیراعظم عمران خان کا وژن اور عزم ہے۔ان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے لئے ایک مکمل اور قابل عمل منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نہ صرف صوبے میں پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کی ترقی پر کام شروع ہے بلکہ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ان کی بین الاقوامی طرز کی ترقی پر بھی کام جاری ہے، جاروگو آبشار سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالام، کمراٹ ، مداکلشت کیبل کار منصوبے کی فزیبیلیٹی پر کام جاری ہے ، جبکہ صوبے میں متعدد انٹیگریٹڈ ٹوارزم زونزکے قیام پر بھی کام شروع ہے ، جن کی تکمیل سے سیاحوں کو سیاحت کے بھر پور مواقع میسر آئیں گے اور روزگار کو بھی فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ صوبے کے تمام سیاحتی مقامات تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنانے اور سیاحتی مقامات کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی حکومت کے مختلف شعبوں میں میگا منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوات موٹر وے کا فیز ون مکمل ہو گیا ہے ، فیز ٹو پر پیشرفت جاری ہے، جس کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دیر موٹر وے کا پی سی ون اور فزیبیلیٹی 31 مارچ تک مکمل ہو جائے گی، جبکہ توقع ہے کہ وزیراعظم رمضان سے قبل چکدرہ۔ چترال۔ شندورروڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دریائے سوات سے مینگورہ شہر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے چودہ ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی اور صنعت کے شعبوں میں بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔صوبے میں صنعتوں کے فرو غ کے لئے اکنامک زونز قائم کئے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات ائیر پورٹ کو بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے قابل بنانے کے لئے رن وے کو توسیع دینے کے سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات ہوچکی ہے اور امید ہے جلد یا بدیر اس پر کام شروع ہو جائے گا اس موقع پر وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کے خلاف ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ، حکومت نہیں چاہتی کہ صوبے میں تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوں، تاہم اس وبا کے پھیلاﺅکو روکنے کے لئے اقدامات نا گزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے تمام تر اقدامات کا مقصد لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہے، اس لئے عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ کورونا وبا کی حالیہ لہر کے مزید پھیلاو ¿ کو روکا جا سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے سوات کے لئے فلائٹس کی بحالی کو ایک اہم پیشرفت اور موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر سوات کے لئے اندرون ملک پروازوں کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں سوات کے لئے بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سوات کے عوام نے بہت زیادہ نقصانات اٹھا ئے ہیں اور موجودہ حکومت اب ان نقصانات کا ازالہ کر رہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا کہ صوبے میں بند ائیر پورٹس کو پروازوں کے لئے کھولنے کا آغاز سوات سے کیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں صوبے دیگر بند ائیرپورٹس کو بھی پروازوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیر اعلی اور وفاقی وزراءنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سوات کے عوام کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ائیر پورٹ پر قائم ٹوارزم فیسلیٹیشن کاونٹر کا افتتاح کیا اور 10 بلین ٹری سونامی مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔