News Details

16/03/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں صوبے میں کورونا کی مجموعی صورتحال ،وباءکے پھیلاو ¿ کو روکنے کے لئے اقدامات اور کورونا متاثرین کے علاج معالجے کے لئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی کابینہ ممبران تیمور سلیم جھگڑا، شہرام ترکئی، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر سول اور عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کوروناکے مثبت کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر صوبے کے نو اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان اضلاع میں پشاور ، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی ، نوشہرہ ، کوہاٹ ، ملاکنڈ ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں۔ اجلاس میںیہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد اور اس سے زیادہ ہونے کی صورت میں دیگر اضلاع کے سکولوں کو بھی بند کر دیا جائے گا۔ کورونا وباءکے پھیلاﺅ کے سدباب کیلئے مارکیٹوں کی ممکنہ بندش کے سلسلے میں صوبائی کابینہ ممبران تیمور سلیم جھگڑا، شوکت علی یوسفزئی اور کامران بنگش پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کاروباری حلقوں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تجاویز پیش کرے گی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے ۔ ٹاسک فورس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہونے والے ڈیرہ جات فیسٹیول اور جیپ ریلی کے انعقاد کی مشروط اجازت دیتے ہوئے فیسٹیول کے شرکاءکو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کی ہدایت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں فیسٹیول کی سرگرمیاں معطل کی جائیں گی ۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جن علاقوں اور اضلاع میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں پر ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس وباءکے بڑے پیمانے پر پھیلاﺅ کو روک کرانسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔ اُنہوںنے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیرپر عمل کرکے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ وزیراعلیٰ نے کاروباری حضرات پر بھی زورد یا کہ وہ کاروباری مراکز میں کورونا ایس او پیز اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں ۔ اُنہوںنے کہاکہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم کورونا کی حالیہ لہر سے بھی موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔