News Details
12/03/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیا ہے
اور کہا ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا اور اُنہیں فنڈز کے اجراءمیں اولین ترجیح دی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بھر پور کوشش ہو گی کہ صوبے میں عوامی اہمیت کے حامل جاری بیشتر ترقیاتی منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل ہوں تاکہ عوام بلاتاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔وہ جمعہ کے روز میگا ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ ، پیڈ ہسپتال سوات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میںآئندہ ماہ ایم ایس کلاسوں کے اجراءاور یونیورسٹی کی مستقل عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تمام تیاریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میںموجودہ حکومت کے متعدد میگا ترقیاتی منصوبے میچور ہو چکے ہےں اور آنے والے دنوں میں ان منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے ان کا سنگ بنیاد رکھنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گاجس کے لئے تمام متعلقہ محکمے پیشگی انتظامات اور تیاریوں کو بروقت حتمی شکل دیں۔اُنہوںنے توقع ظاہر کی کہ ان میں سے بعض اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان خود رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی آئی خان موٹر وے، چشمہ رائٹ بینک کینال، بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، سوات موٹروے فیز ٹو اورخیبرپاس اکنامک کوریڈور کے علاوہ صوبے کے مختلف حصوں میں اکنامک زونز کے منصوبے صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبے ہیں جن پر جلد عملی کا م کا آغاز کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان اقدامات کا حتمی مقصد عوام کو خدمات کی فراہمی کے مجموعی نظام کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔ اجلاس کوسوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اپریل 2021 سے یونیورسٹی میں ا یم ایس کلاسز کا اجراءکرنے کے لئے تیاریاں تقریباً مکمل ہیں۔ اس مقصد کے لئے مطلوبہ کلاس رومز اور لیبارٹریز قائم کی جاچکی ہےں۔ یونیورسٹی کی مستقل عمارت کی تعمیر کے منصوبے کا ماسٹر پلان اور سول ورک کے لئے کنٹریکٹرز کی پری کوالیفیکیشن مکمل کر لی گئی ہے، کوشش ہے کہ اپریل میں ہی منصوبے کاسنگ بنیاد رکھا جائے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سوات یورنیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں بین الاقوامی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے۔ اس مقصد کے لئے سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور یوٹا یونیورسٹی امریکہ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جاچکے ہیں جس کے تحت یوٹا یونیورسٹی کے ساتھ دس پی ایچ ڈی سکالر ز کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے تحت مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سنٹرز کے قیام کے لئے پی سی ون متعلقہ فورم کو پیش کردیاگیا ہے۔ یہ سنٹر ڈیجیٹل ڈیزائن اینڈ ڈویلپمنٹ ، آٹومیشن ٹیکنالوجیز انڈسڑی ، ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، بائیو انجینئرنگ ، بائیو مینوفیکچرنگ اور دیگر اہم مراکز پر مشتمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔