News Details

09/03/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز پشاور میں پولیس رائیڈر سکواڈ کی فائرنگ سے طالب علم کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے

اور پولیس کے اعلی حکام کو واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں واقعہ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کے پابند ہیں اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ واقعہ میں جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالب علم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔