News Details

27/02/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے نیپرا کی طرف سے صوبائی حکومت کو اپنی ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کے قیام کے لئے لائسنس کے اجراءکو صوبے میں بجلی کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم پیشرفت اور صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے

اور کہا ہے کہ اب صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار کی ترسیل اور تقسیم کا اپنا نظام قائم کرے گی۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کے قیام سے پیڈو کے تحت پیدا ہونے والی بجلی کو سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں اور گھریلو صارفین کو پہنچانے میں مدد ملے گی جسے یہاں مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر اعلی نے کہا موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں بجلی پیدا کرنے کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرکے صوبے میں توانائی کی کمی کو پوری کرنے ، صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور یہاں کے لوگوں سہولیات دینے کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے جن کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ لائیسنس کے اجراء پر صوبے کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعلی نے اس سلسلے میں محکمہ بجلی و توانائی کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔