News Details

25/02/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے قیام کیلئے ماسٹر پلان کی منظوری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے قیام کیلئے ماسٹر پلان کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے کا تفصیلی تخمینہ لاگت اور پی سی ون جلد سے جلد تیار کرکے متعلقہ فورم کی منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے رواں سال جون کے پہلے ہفتے میں منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے تمام تر انتظامات اور لوازمات کو بروقت حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مجوزہ زرعی یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف شعبہ زراعت میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تحقیق کو فروغ ملے گا بلکہ یہ منصوبہ خطے میں زرعی پیداوار کی قدر و معیار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے فروغ میں بھی ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں زرعی یونیورسٹی سوات کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک محب اللہ خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریزاور دیگراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو زرعی یونیورسٹی سوات منصوبے کے قیام کے لئے تیار شدہ ماسٹر پلان اور دیگر پہلوﺅں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یونیورسٹی ابتدائی طور پر 424 کنال وسیع قطعہ اراضی پرتعمیر کی جائیگی، جس میں تقریباً پانچ ہزار طلباءو طالبات کو تعلیم و تحقیق کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے لئے درکار زمین کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی میں پانچ مختلف فیکلٹیز کے تحت 23 ڈیپارٹمنٹس قائم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں منصوبے کے ماسٹر پلان کی منظوری دی گئی اورفیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں ابتدائی طور پرسات ترجیحی شعبوں میں کلاسوں کا اجراءکیا جائیگا، جن میں ماو ¿نٹینہارٹیکلچر، لائیو سٹاک ، فشریز ، فوڈ ٹیکنالوجی ، پلانٹس پروٹیکشن اور دیگر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے 15 اپریل تک منصوبے کا پی سی ون متعلقہ فورم سے منظور کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیا جائیگا ۔ پہلے مرحلے میں ایڈمن بلاک ،ا کیڈمک بلاک اور رہائشی ہاسٹلز تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رواں سال جون تک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کے قیام سے خطے میں زراعت ، باغبانی، ماہی پروی اور دیگر شعبوں کو جدید طرز پر فروغ دے کر لوگوں کے معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے بھی اس یونیورسٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ <