News Details

02/02/2021

خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار

خیبر پختونخوا حکومت نے رواں سال ستمبر کے مہینے میں بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ روابط شروع کر دیئے ہیںجس کے تحت حلقہ بندیوں سمیت دیگر اُمور کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ صوبائی حکومت بلدیاتی حکومتوں کو حقیقی معنوں میںبااختیار بنانے اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لئے متعلقہ رولز میں ترامیم پر بھی کام کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے منگل کے روز پشاور میں ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں بلدیاتی حکومتوں نے عوام کی حقیقی معنوں میں نہ صرف خدمت کی بلکہ نچلی سطح پرعوام کو درپیش مسائل کو بھی احسن طریقے سے نمٹانے میں فعال کردار ادا کیا جسکی بدولت عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ منتخب کیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔کابینہ کا اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کابینہ اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے صوبائی کابینہ کی جانب سے صوبے کے عوام کو صحت سہولت کارڈ کی توسیع پر مبارکباد پیش کی اور واضح کیا کہ یہ منصوبہ فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جس کے ذریعے صوبے کے کسی بھی کونے میں بسنے والے عوام کو مفت صحت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے آگاہ کیا کہ صوبے میںگندم اور چینی کی کوئی قلت نہیںہے اور موجودہ حکومت گندم اور چینی کی وافر مقدار میں موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس میں درآمداد اور ڈومیسٹک پروکیورمنٹDomestic procurement بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیوںکے حوالے سے عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میںکابینہ اراکین شہرام خان،میاںخلیق الرحمان ، کامران بنگش تیمور سلیم جھگڑا،وزیر زادہ اور ریاض خان شامل ہونگے ۔ یہ کمیٹی پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیوں کے بارے ریگولیٹری میکانیزم کے ساتھ ساتھ ایٹا اور خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تجاویز دے گی اور اپنی حتمی رپورٹ دو ہفتوں میںپیش کرے گی۔صوبائی کابینہ نے ریٹائرمنٹ کی عمر میں ردوبدل کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر غوروخوص کے حوالے سے بھی کمیٹی تشکیل دی جو اپنی رپورٹ دو ہفتوںمیں پیش کرے گی۔ کامران بنگش نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس ہر ہفتہ کی بجائے ہر ماہ کی یکم اور پندرہ تاریخ کو منعقد کئے جائیں گے ۔