News Details
31/01/2021
صوبائی حکومت اصلاحات کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، اداروں میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تمام صوبائی اداروں میں اصلاحات اور گڈ گورننس کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اصلاحات کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، اداروں میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں اور موجودہ حکومت نوجوان کو با اختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف یوتھ ونگ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے گزشتہ روز کے صوبائی صدر سجاد بنگش کی قیادت میں ان سے ملاقات اور صوبے میں نوجوان کی فلاح و بہبود کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں سجاد کمال، کاشف کمال، اختر گل، عزیز صافی اور دیگر شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے انصاف یوتھ ونگ کو پاکستان تحریک انصاف کا ایک اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا پی پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی میں اہم اور مثبت کردار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نو جوانوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے نوجوانوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں انصاف یوتھ ونگ کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی نے تنظیم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اس سلسلے میں لوگوں اور خصوصا نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔