News Details
09/01/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈ ڈویژن میں سنٹرل جیل کے قیام کے لئے اراضی کا مسئلہ جلدحل کرنے اور اس سلسلے میں دو ہفتوں کے اندر حتمی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے
اورعندیہ دیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے آغاز سے منصوبے کی تعمیر پر کام شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویڑن میں سنٹرل جیل کا قیام نہایت ناگزیر ہے جس میں مزید تاخیر کی گنجائش موجود نہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں مجوزہ منصوبے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ تاج محمد خان ترند کے علاوہ سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری خزانہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو ملاکنڈ ڈویژن میں سنٹرل جیل کے قیام کی ضرورت و اہمیت اور اس سلسلے میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ یا گیا کہ منصوبے کا ماسٹر پلان تیار ہے تاہم منصوبے کے لئے درکار اراضی کا مسئلہ حل طلب ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تعمیر کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی جس تک ڈویژن کے تمام اضلاع کی آسان رسائی ممکن ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے درکار اراضی کیلئے دستیاب آپشنز کا جائزہ لیکر دو ہفتوں کے اندر حتمی تجویز پیش کی جائے اور اس مقصد کے لئے سرکاری اراضی کے انتخاب کو ترجیح دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبے کی تمام بڑی جیلوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فراہم کرنے کا فیصلہ کر تے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمبولینس کیلئے جیلوں میںمناسب جگہ فراہم کی جائے۔ انہوں نے جیلوں میں صفائی کا انتظام کرنے خصوصی طورپر واش رومز کی حالت کو بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں اُنہوں نے جیلوں میں لنگر خانوں کا اہتمام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے اور کہا ہے کہ جیلوں میں قید افراد کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔