News Details

06/01/2021

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو ا محمود خان سے وفاقی وزیر برائے نارکاٹکس کنٹرول بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کی ملاقات

صوبے میں منشیات کی روک تھام سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔ ملاقات میں منشیات کی موثر روک تھام خصوصاً نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تدارک کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اس سلسلے میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کے لئے صوبائی سطح پر ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ متعلقہ صوبائی اور وفاقی اداروں کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے معاشرے خصوصاً نوجوان نسل میںمنشیات استعمال کرنے کے بڑھتے ہوئے رحجان کو ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے منشیات کے اصل ذرائع کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منشیات اور نوجوانوں میں منشیات استعمال کرنے کے وجوہات کا خاتمہ اکیلے کسی ایک محکمے یا ادارے کے لئے ممکن نہیں ہے ، اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معاشرے کے تمام طبقوں کو مل کر ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ اقدامات اٹھانے ہوںگے۔ اس موقع پر منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں علماءکرام ، اساتذہ اوررائے عامہ ہموار کرنے والے معاشرے کے دیگر طبقوں کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے نہایت سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ انسداد و منشیات خیبرپختونخوا کومضبوط بنایا جارہا ہے۔ نہ صرف منشیات کی ڈیمانڈ اور سپلائی کم کرنے پر کام جاری ہے بلکہ دوسری طرف منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے بھی مربوط اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا حتمی ہدف اپنے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی طرف سے منشیات کے خلاف جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کو مزید مو ¿ثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کی کارکردگی خصوصی طور پر صوبائی حکومت کی طرف سے کورونا وبا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے منشیات کی روک تھام میں بھی کامیاب ہوں گے۔