News Details

16/12/2020

سانحہ آرمی پبلک سکول کی چھٹی برسی کے موقع پر اس سانحے کے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں خصوصی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر کامران بنگش کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہدائے آرمی پبلک سکول کے درجات کی بلندی کے ساتھ ملک میں دیر پا امن کے قیام، ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا سے نجات جبکہ ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے ننھے اور معصوم بچوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی، ان معصوم شہداءنے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرکے دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں مثالی امن کا قیام ان معصوم شہداءکی قربانیوں کے نتیجے میں ممکن ہوا۔ وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ ہم آرمی پبلک سکول کے شہداءکو بھولے ہیں اور نہ کبھی بھولیں گے۔ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لئے شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام شہداءکے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور جس صبر اور حوصلے سے انہوں نے اپنے جگر گوشوں کی جدائی کا غم برداشت کیا ہے پوری قوم ان کے حوصلوںکو سلام پیش کرتی ہے۔