News Details

13/12/2020

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ایک جمہوری معاشرے میں میڈیا کا کردار مسلمہ ہے، میڈیا اور جمہوریت لازم ملزوم ہیں

موجودہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور میڈیا کی طرف سے مثبت اور تعمیری تنقید کا نہ صرف خیر مقدم کرتی ہے بلکہ اس تنقید کی روشنی میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات بھی کرتی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے بھی عوام کو آگاہ رکھنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنئیر صحافی اور مصنف غلام اکبر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور موجودہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات، عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں اور عوام کی آگہی کے لئے ان اقدامات اور منصوبوں کو میڈیا کے توسط سے موثر انداز میں اجاگر کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی نے صحافی برادری کو معاشرے کا اہم طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی حکومت اور عوام کے درمیاں ایک پل کو کردار ادا کر رہے ہیں، وہ ہر خاص و عام کی آواز ہیں اور اپنے قلم کے ذریعے عوامی مسائل کو اُجاگر کرکے ان مسائل کے حل کے لئے راہ ہموار کرتے ہیں اور صحافیوں کا یہی کردار انہیں معاشرے میں ایک منفرد اور ممتازحیثیت کے حامل بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت صحافیوں کے فلاح بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں شفافیت، میرٹ کی بالادستی، لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی ، کرپشن کے خاتمے اور ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر سنئیر صحافی غلام اکبر نے وزیر اعلی کو اپنی کتاب پیش کی۔