News Details

12/12/2020

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروع کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات میں قدرتی ماحول کے تحفظ کو صوبائی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیا ہے

اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت نہ صرف صوبے میں سیاحت کو فروغ دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے بلکہ ماحول دوست سیاحت کے فروع کے ذریعے ماحول اور سیاحت کے درمیان توازن کو برقرار رکھنے کے لئے بھی بیک وقت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور صوبائی محکمہ سیاحت ، عالمی بینک اور نیسلے پاکستان کے اشتراک سے "ٹریک" (TREK) پروگرام کا اجرائ اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو صوبے کے خوبصورت سیاحتی مقامات میں ماحول دوست اور ذمہ درانہ سیاحت کے تصور اور اہمیت کو اجاگر کرنے اور سیاحتی مقامات میں قدرتی ماحول کی حفاظت کے لئے سیاحوں، مقامی آبادی، انتظامیہ، سیاحت سے وابستہ لوگوں اور تنظیموں میں بڑے پیمانے پر اگہی دینے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ٹریک پروگرام کا باقاعدہ اجراءکیا تھا۔ دو سالہ اس پروگرام کا مقصد صوبے میں ایکو ٹوارزم اور ذمہ دارانہ سیاحت کو فروع دینے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی محمود خان نے ٹریک پروگرام کے اجراءکو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اس طرح کا ایک اہم پروگرام شروع کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے، اس پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے کے سیاحتی مقامات کی قدرتی حسن کو پائیدار بنیادوں پر محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ سیاحتی اہمیت کے حامل مقامات قدرت کا عظیم تحفہ اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں جنہیں اپنی اصلی حالت میں محفوظ رکھنا حکومت کے ساتھ سب کی مشترکہ زمہ داری ہے جس کے لئے تمام متعلقہ لوگوں، اداروں اور تنظیموں کو اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں پائے جانے والے سیاحت کے مواقع کا بھر پور استعمال یقینی بناکر یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران کے وڑن کے مطابق دور رس اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں یہ صوبہ عنقریب ملکی اور غیر ملکی سیاحت کا مرکز بن جائے گا جسے نہ صرف صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ہمارا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوجائے گا۔ وزیر اعلی نے ٹریک پروگرام کے اجراءکو ممکن بنانے پر محکمہ سیاحت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اس پروگرام میں اشتراک کے لئے عالمی بینک اور نیسلے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ تمام شراکت دار ادارے اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور اس کے مقاصد کے حصول میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔