News Details

10/12/2020

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خا ن سے اپوزیشن کے ممبران صوبائی اسمبلی کے ایک نمائندہ وفد کی ملاقات

وفد میں سردار حسین بابک، عنایت اﷲ خان، نگہت اورکزئی، محمود خان بیٹنی اور میر کلام وزیر شامل تھے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان میںتیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی، اکبر ایوب ، سلطان خان اور کامران بنگش بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ اپوزیشن ممبران اسمبلی کے وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوںنے وقت دینے اور اُن کے مسائل سننے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ اپوزیشن ممبران کی تمام باتوں کامثبت جواب دیا ہے اور اُمید ہے کہ وہ آئندہ بھی اس طرح تعاون جاری رکھیں گے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پرامن احتجاج سب کا جمہوری اور آئینی حق ہے، خیبرپختونخوا کی روایات دوسرے صوبوں سے الگ ہیں، سیاسی اختلافات اور سیاست اپنی جگہ لیکن ہم تمام معاملات میں اپنی روایات اور رواج کے مطابق چلیں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ممبران اسمبلی منتخب عوامی نمائندوں کیلئے کھلے ہیں ۔ ہم نے کبھی اپوزیشن ممبران کے جائزکاموں سے انکار نہیں کیا، اپوزیشن ممبران کے تمام ترجیحی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اپوزیشن کے تمام جائز مطالبے پہلے بھی پورے کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی کئے جائیں گے ۔