News Details
25/11/2020
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدرات بدھ کے روز پشاور اور اس کے گرد و نواح میں گیس کی سپلائی اور کم پریشر سے متعلق اجلاس منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدرات بدھ کے روز پشاور اور اس کے گرد و نواح میں گیس کی سپلائی اور کم پریشر سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا، اشتیاق ارمڑ، اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان، ارباب وسیم، جنرل منیجر سوئی نادرن گیس پائپ لائن تاج علی و دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پورے صوبے بالخصوص پشاور اور اس کے گرد ونواح میں موسم سرما کے دوران سوئی گیس کے کم پریشر کو ایک اہم عوامی مسئلہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن انفراسٹرکچر کو اپگریڈ کر کے کم پر یشر کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پر یشانی کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے صارفین کو رواں موسم سرما میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نئے پائن لائن بچھانے پر کام مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گیس کی ترسیل اور پریشر کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر کام شروع ہے جن کی تکمیل سے گیس کے کم پریشر سے متعلق مسائل حل ہو جائیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ 150 کلومیٹر گیس پائپ لائن انفراسٹرکچر کی بحالی پر کام جاری ہے جس سے گیس سپلائی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی جبکہ پشاور اور اس کے گرد و نواح میں آئندہ چند روز میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا۔ اجلاس کوآگاہ کیا گیا کہ گیس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے ڈھائی ارب کا منصوبہ منظور ہوا ہے جس سے گیس سپلائی میں بہتری آئے گی