News Details

06/11/2020

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صحت انصاف کارڈ سکیم کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا ہے

اور کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم صوبے کی تمام آبادی کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی ، یہ لوگوں کو صرف علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہی نہیں ،بلکہ سماجی تحفظ کا ایک پورا پیکج ہے جس سے غربت کی شرح کو کم کرنے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔وہ جمعہ کے روز گراسی گراو ¿نڈ سوات میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزیر اعظم عمران خان نے صحت سہولت پروگرام کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع کا باقاعدہ اجراءکیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کو چار مرحلوں میں اگلے سال جنوری کے آخر تک صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جائے گی۔پہلے مرحلے میں اس پروگرام کو رواں مہینے ہی ضلع اپر چترال ، لوئر چترال ، اپر دیر، لوئر دیر، ملاکنڈ اور سوات میں شروع کیا جارہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں اگلے مہینے ضلع شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، تورغر اور بونیر،تیسرے مرحلے میں ضلع ہری پور ، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ ، پشاور اور آخری مرحلے میں جنوری کے آخر تک دیگر تمام اضلاع کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت صوبے کے 60 لاکھ سے زائد خاندانوں کو سالانہ 10 لاکھ روپے فی خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی اور قومی شناختی کار ڈ کے حامل خیبرپختونخوا کے تمام باشندے مقرر کردہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں سے علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید میگا ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جائیں گی، سوات موٹروے فیز ون مکمل کر لیا گیا ہے، فیز ٹو پر جلد کام شروع ہوگا، اسی طرح پشاور ڈی آئی خان موٹروے وے، دیر ایکسپریس وے، چترال ایکسپریس وے، شانگلہ بشام ایکسپریس وے اور پشاور طور خم ایکسپریس وے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے جن کی تکمیل سے یہ صوبہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔پورے صوبے کو اپنا گھر اور حلقہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ایک حصے میں جو ترقیاتی کام ہونگے وہ صوبے کے تمام حصوں میں ہونگے اس سلسلے میں کسی بھی علاقے کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ پہلے بھی پی ٹی آئی کا گڑھ تھا، اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ جلسے سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ سکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع اور سوات کے علاقہ گبین جبہ میں نئے سیاحتی مقام کے فروغ پر صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ جلسے سے وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے سیدو میڈیکل کالج کے نئے بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نو قائم شدہ سیاحتی مقام گبین جبہ کا دورہ کیا جہاں پر متعلقہ حکام نے انہیں وہاں پر قائم کیمپنگ پاڈز اور دیگر سیاحتی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیں۔