News Details

05/11/2020

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے توانائی کے منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملی پیش رفت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ان منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں ہوگی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملی پیش رفت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ان منصوبوں میں کسی بھی قسم کی سست روی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں توانائی کے سب سے بڑے منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں اور دیگر ترجیحی منصوبوں پر رواں سال کے آخر تک کام کے آغاز کو یقینی بنایا جائے ۔ وہ محکمہ توانائی کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے نو تشکیل شدہ پالیسی بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ پیڈو پالیسی بورڈکے نائب چیئرمین اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، سیکرٹری توانائی محمدزبیر خان، سیکرٹری فنانس ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو نئے پیڈو آرڈیننس کے تحت نو تشکیل شدہ پالیسی بورڈ کی ساخت ، ادارے کے نئے انتظامی ڈھانچے سمیت بورڈکے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران اوردیگر اہم تقرریوں کے طریقہ کار کے بارے میںتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نئے آرڈیننس کے تحت ادارے کے نئے انتظامی ڈھانچے کی منظوری دیتے ہوئے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں شامل بعض غیر اہم انتظامی عہدوں کو ختم کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ پالیسی بورڈ نے پیڈو کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران سمیت دیگر اہم عہدوں پر تقرریوں کے طریقہ کار کی بھی منظوری دیتے ہوئے اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی تاکہ ان اہم عہدوں پربلا تاخیر تقرریاں عمل میں لائی جا سکیں۔ اجلاس میں پیڈو کے نظر ثانی شدہ سالانہ بجٹ کی منظوری کے علاوہ پالیسی بورڈ کے لئے سیکرٹری کی نئی آسامی کی تخلیق کی بھی منظوری دید ی گئی۔ علاوہ ازیں پالیسی بورڈ نے صوبائی حکومت کی انٹر ن شپ پالیسی کے تحت پیڈو میں انٹرنیز رکھنے کی بھی منظوری دیدی تاکہ مستقبل میں صوبے میں توانائی کے بڑے بڑے منصوبوں کے لئے درکار ہائیڈرل انجنےئرز تیار کئے جاسکیں۔ صوبے میں توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیڈو کے نئے انتظامی ڈھانچے اور پالیسی بورڈ کی تشکیل سے ادارے کی مجموعی استعداد میں بہتری آئیگی جس کے نتیجے میں توانائی کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے گی۔