News Details

03/11/2020

خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی نے بینک آف خیبر اور انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کے ساتھ مفاہمت کی الگ الگ یاداشتوں پر دستخط کئے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی موجودگی میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی نے بینک آف خیبر اور انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کے ساتھ مفاہمت کی الگ الگ یاداشتوں پر دستخط کئے۔ مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بینک آف خیبر کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت کی رو سے بینک آف خیبر صوبے کے اسپیشل اکنامک زونز میں روایتی اور اسلامی بینکنگ کےلئے اپنی شاخیں قائم کرےگا اور ان اکنامک زونز میں صنعتی یونٹس لگانے کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو مناسب شرائط پر مالی معاونت بھی فراہم کرےگا جبکہ خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی اس مقصد کے لئے بینک آف خیبر کو مناسب جگہ فراہم کرے گی۔ انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کے ساتھ دستخط کئے گئے مفاہمت کی یاداشت کے مطابق انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کا ذیلی ادارہ سنٹر فار انڈسٹریل بلڈنگ انرجی آڈٹ ( سی آئی بی ای اے) صوبے کے اکنامک زونز میں انڈسٹریل انرجی اسسمنٹ سنٹرز ( آئی ای اےسیز) کو چلائے گا۔ سی آئی بی ای اے ان اکنامک زونز میں کم توانائی سے چلنے والی عمارتیں تعمیر کرنے کے لئے صنعتوں کو مشورے اور رہنمائی فراہم کرے گی۔ ایسی عمارتوں کی تعمیر سے کارخانوں کی پیداوار ی صلاحیت میںاضافہ ہوگا۔ مفاہمت کی یاداشت کی رو سے سی آئی بی ای کے پی ایزڈمک کو اپنا انرجی آڈٹ لیب قائم کرنے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ کے پی ایز ڈمک اور سی آئی بی ای اے مل کر کم توانائی سے چلنے والی صنعتوں کے حوالے سے صنعت کاروں میں آگہی دیں گے۔