News Details

02/11/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا دورہ ضلع مہمند، کیڈٹ کالج مامد گٹ اور گورنمنٹ پرائمری سکول مارض خان کا باضابطہ افتتاح

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا دورہ ضلع مہمند، کیڈٹ کالج مامد گٹ اور گورنمنٹ پرائمری سکول مارض خان کا باضابطہ افتتاح کیڈٹ کالج مامد گٹ میں آج سے آٹھویں کلاس کا باقاعدہ اجرائ مامد گٹ کیڈٹ کالج کا قیام صوبائی حکومت کا ترجیحی منصوبہ تھا، یہ ادارہ علاقے میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ محمود خان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تعلیم کے فروغ کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں شرح خواندگی کوبڑھانے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے سالانہ اربوں روپے خرچ کر رہی ہے، صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع مہمند میں کیڈٹ کالج مامد گٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انسپکٹر جنرل فرانٹیئر کور نارتھ میجر جنرل راحت نسیم، جنرل آفیسر کمانڈنگ 45انجنیئرنگ ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل رفیق الرحمن ، رکن قومی اسمبلی ساجد مومند اور سابق گورنر انجنیئر شوکت اللہ کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ سول وعسکری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فرانٹئیر کور نارتھ کے حکام کی طرف سے کیڈٹ کالج کے مختلف پہلوو ¿ کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر پیر کے دن سے کیڈٹ کالج میں آٹھویں جماعت کے کلاسوں کا باقاعدہ اجراءہورہا ہے جبکہ اگلے سال مارچ تک کالج میں ہائیر سیکنڈری کلاسوں کا بھی اجراءکیا جائیگا۔ فی الوقت مجموعی طور پر62طلباءکو داخلہ دیا گیا ہے اور کالج میں داخلے کے لئے مقامی طلباءکو پہلی ترجیح دی جاتی ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ 104ایکڑ رقبے پر محیط مامد گٹ کیڈٹ کالج 984ملین روپے کی لاگت سے قائم کر دیا گیا ہے ، کالج میں ہر طرح کی جدید تعلیمی سہولیات کے علاوہ اور اساتذہ کے لئے رہائش کی بہترین سہولیات موجود ہےں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مامد گٹ کیڈٹ کالج کا قیام علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور صوبائی حکومت کا ترجیحی منصوبہ تھا۔ اس ادارے کے قیام سے علاقے کے نوجوانوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہو گی جو مستقبل میں ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کالج کے قیام پر علاقے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کالج تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور قومی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کالج میں داخلے کے لئے منتخب کیڈٹس کو بھی مبارکبا د دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ان پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے والدین بلکہ پوری قوم کے توقعات پر پورا اترنے کے لئے شروع دن ہی سے سخت محنت کو اپنا شعار بنائیں اور مستقبل کے چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے لئے خود کو تیار کریں ، اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس قوم کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی بقاءاور اقدار کی حفاظت کے پابند ہے او ر ہمیں قومی سالمیت اور اتحاد کو نقصان پہنچانے والے تمام عناصر کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ مامد گٹ کیڈٹ کالج کی ترقی و بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔ تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک طرف صوبے میں پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کی اپگریڈیشن اور ناپید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے تو دوسری طرف ضرورت کی بنیاد پر نئے تعلیمی ادارے بھی کھولے جارہے ہیں۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایک شفاف طریقہ کار کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم و تحقیق کو بھی فروغ دینے کے لئے دوررس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع اب باضابطہ طور پر صوبے کا حصہ بن چکے ہیں اور صوبے کے تمام قوانین اور اداروں کو ضم شدہ اضلاع تک توسیع دی گئی ہے جس کے ساتھ ہی ان اضلاع میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغا ز ہو گیا ہے ، اب یہاں کے بچوں کے ہاتھوں میں بندوق کی بجائے قلم اورکتاب ہوں گے۔ قبائلی اضلاع کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کے عزم کو دہراتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں عنقریب مزید ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔ قبل ازیں تقریب سے اپنے خطاب میں کیڈٹ کالج مامد گٹ کے کمانڈنٹ بریگیڈئیر ظفر اقبال نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا قیام وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ممکن ہواہے ۔ تقریب میں کیڈٹس اور ان کے والدین کے علاوہ معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے بھئی ڈاگ کے مقام پر پاک فوج کی طرف سے مقامی پولیس کو دی جانے والی خصوصی تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا ۔ اس موقع پر زیر تربیت پولیس اہلکارو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقے کے امن کو برقرار رکھنا اور لوگوں کے جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس کو اپنی یہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کے قابل بنانے کے لئے پیشہ ورانہ تربیت بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو ایک بہترین پیشہ ورانہ فورس بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ان کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو خصوصی تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ۔ ا س موقع پر وزیراعلیٰ کو پاک فوج کی طرف سے پولیس جوانوں کو دی جانے والی ٹریننگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ پرائمری سکول مارض خان کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا اور سکول کے مختلف سیکشن کا معائنہ بھی کیا۔ سکول کی یہ عمارت 22 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔