News Details
30/10/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے پجگی روڈ پشاور پر واقع شیلٹر ہوم (پناہ گاہ) میں منعقد ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے پجگی روڈ پشاور پر واقع شیلٹر ہوم (پناہ گاہ) میں منعقد ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے نعت شریف پیش کی۔ اس موقع پر اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔ صوبائی کابینہ ممبران کامران بنگش اور شوکت یوسفزئی کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی ارباب وسیم اور ملک آصف، محکمہ سماجی بہبود اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کے بعد وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں مقیم مہمانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ وہ پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں پر مقیم مہمانوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ پناہ گاہ میں مقیم مہمانوں نے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان پناہ گاہوں کے قیام کے لئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں جشن عید میلاد النبی کی پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت ہے، آپ نے بنی نوع انسان کو نجات کی راہ دکھائی اور اسے اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے ۔ آپ کی محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور آپ کا اسوئہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام صرف آپ کی اسوئہ حسنہ اور تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ممکن ہے۔