News Details
24/10/2020
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے اپوزیش جماعتیں خوفزدہ ہیں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے اپوزیش جماعتیں خوفزدہ ہیں، کڑا احتساب ، انصاف کا بول بالا، قانون کی حکمرانی اور مو ¿ثر سزا و جزا کا نظام پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا مقصد اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے، ملک کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے آج اکٹھے ہو گئے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان انہیں این آر او نہیں دیں گے، ان کا مشن عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کرنا ہے جس پر وہ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اپر دیر کے علاقہ پاتراک کا ایک روزہ دورہ کے دوارن شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیت گل ابراہیم نے پورے خاندان سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی عہدیداروں نے بھی اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر انور زیب، معاون خصوصی تاج محمد ترند، رکن قومی اسمبلی قاضی صبغت اللہ ، رکن صوبائی اسمبلی فضل جہان و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ محمود خان نے دیر کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے اور ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دیر ایکسپریس وے کی تعمیر ، اپر دیر میں چھوٹی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 35 کروڑ روپے کے پیکج، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اپر دیر کو کیٹگری A میں اپگریڈ کرنے اور پاتراک پولیس پوسٹ کو پولیس اسٹیشن کا درجہ دینے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیر ایکسپریس وے صوبائی حکومت کی طرف سے دیر کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جس سے نہ صرف روڈ انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ یہ علاقے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔محمود خان نے اپر دیر کو سیاحت کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیاحتی صنعت کے فروغ کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کمراٹ کیبل کار منصوبے کی فزیبیلٹی سٹڈی ہو رہی ہے، منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ آئندہ سالوں میں سوات، دیر چترال و دیگر ملحقہ علاقے سیاحت کا مرکز ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیر اپر میں چھوٹے پیمانے پر بجلی گھر قائم کرنے کے لیے ایک ارب روپے منظور ہوچکے ہیں جبکہ بہت جلد منصوبے پر عملی کام بھی شروع کر دیا جائے گا جس سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کے فروغ کے لیے کارخانوں کو رعائتی نرخوں پر دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں نے دیر کی ترقی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے، ملک کی تاریخ میں پہلی بار تحریک انصاف کی حکومت تمام اضلاع کو برابری کی بنیاد پر ترقی دینے کے لیے حقیقت پسندانہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی اسکیموں ، گوداموں کی تعمیر ، ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کے قیام اور کمراٹ اینڈ براول وادی کے ترقیاتی پیکج کے لیے 173 ملین روپے مختص ہیں۔مہنگائی سے متعلق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک میں مصنوعی مہنگائی کے خلاف ایکشن لے رہی ہیں اور بہت جلد اس پر قابو پالیا جائے گا۔ صحت سہولت پروگرام کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رواں سال 31 اکتوبر سے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کو 10 لاکھ روپے تک فی گھر انہ مفت علاج معالجے کی معیاری سہولت شروع کی جائے گی جس سے بڑے پیمانے پر لوگ مستفید ہونگے۔ انکا کہنا تھا کہ آئندہ سال جنوری تک مفت علاج کی سہولت کو صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جائے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کر نے والے بیروزگار احتساب سے بچنے کے لیے ڈرامہ رچا رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت میں چل پڑا ہے جو اس مفاد پرست ٹولے سے برداشت نہیں ہورہا۔