News Details
08/10/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین کے ساتھ ملاقات
خیبرپختونخوا حکومت اور واپڈا مل کر ضلع مہمند کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا ایک پیکج تیار کریں گے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان عنقریب ضلع مہمند کا دورہ کرکے اس ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے ۔ اس ترقیاتی پیکج میں سڑکوں کی تعمیر ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت کی معیاری سہولیات سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہو ں گے ۔ یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے ساتھ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین کی ملاقات میں بتائی گئی۔ ملاقات میں ضلع مہمند میں زیر تعمیر مہمند ڈیم کے حوالے سے مختلف اُمور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخواڈاکٹر کاظم نیاز اور سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبرپختونخوا زبیر خان کے علاوہ واپڈا کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کو مہمند ڈیم پر اب تک کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مہمند ڈیم کو پورے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا،زراعت کے شعبے کو فروغ ملے گا، بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ مہمند ڈیم منصوبے میںنان ٹیکنیکل آسامیوں کیلئے مقامی افراد کو پہلی ترجیح دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضلع مہمند کیلئے ترقیاتی پیکج سے وہاں کے عوام کو درپیش مسائل حل ہو ں گے ، اُنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم ہوں گے اور علاقے کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گا۔ اس موقع پر پشاور سٹی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ صوبے میں ڈیموں اور بجلی پیدا کرنے کے دیگر منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔