News Details

07/10/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع اورکزئی میں سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں بے قاعدگی کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع اورکزئی میں سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں بے قاعدگی کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے چار افسروں اور اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ۔ ان افسران اور اہلکاروں میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شوکت اﷲ، انجینئر عظمت اﷲ، ایس ڈی او عباد اﷲ اور سب انجینئر راج محمد شامل ہیں۔ معطلی کے بعد ان ہلکاروں کے خلاف مزید محکمانہ کاروائی کی جارہی ہے ۔ ان اہلکاروں کو ضم شدہ ضلع اورکزئی میں غور گڑھ سڑک کی تعمیر اور بلیک ٹاپنگ کے منصوبے میں بے قاعدگی میں ملوث پایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے تمام تعمیراتی محکموں کے معاملات میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات پر کڑی نظر رکھی جائے گی ، ان منصوبوں کے مقدار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور بے قاعدگیوں میں ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ بدعنوانی کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے ۔ کسی بھی سطح پر بدعنوانی اور بے قاعدگی برداشت نہیں اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری اہلکاروں کیلئے اس حکومت میں کوئی جگہ نہیں۔