News Details
02/10/2020
وزیراعلیٰ نے باچا خان میڈیکل کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کی سٹینڈ رڈائزیشن کے منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے باچا خان میڈیکل کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کی سٹینڈ رڈائزیشن کے منصوبوں کو رواں مالی سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت اس مقصد کیلئے درکار وسائل فراہم کریگی۔ انہوں نے صحت کے حوالے سے صوبے میں جاری دیگر بڑے منصوبوں کی بھی رواں مالی سال کے اندر تکمیل یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اصل مقصد عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے، جس کے لئے زیر تعمیر عمارتوں کو مکمل کرکے فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ و ہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان، مردان سے اراکین صوبائی اسمبلی افتخار مشوانی، ملک شوکت علی، عبدالسلام، امیر فرزند، محکمہ صحت اور مواصلات کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو ضلع مردان میں صحت کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ باچا خان میڈیکل کالج مردان پہلے سے فعال ہے تاہم کالج کے لئے مستقل عمارت پر کام جاری ہے جو تقریباً تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے رواں مالی سال کے اندر مذکورہ عمارت مکمل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو درکار وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال مردان کے منصوبے پر عملی کام کی پیش رفت 63 فیصد ہے یہ ہسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کی بہتری اور معیار کی بلندی کے منصوبے پر بھی 63فیصدکام مکمل کرلیا گیا ہے جو رواں مالی سال کے اندر مکمل کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تکمیل کے قریب منصوبوں کو رواں مالی سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے زیر تعمیر عمارتوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ پہلے ڈویژن کی سطح پر بڑے منصوبوں کو مکمل کریں اور پھر اضلاع کی سطح پر منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ حکومت وسائل خرچ کر رہی ہے تو ان کے نتائج بھی سامنے آنے چاہئیں۔ محمود خان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ڈویژن اور اضلاع کی سطح پرجاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو مقامی سطح پر صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی جو حکومت کااصل ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر ضلع کی سطح پر لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر ہوں تاکہ انہیں بڑے شہروں میں علاج کے لئے نہ آنا پڑے۔ اس مقصد کے لئے اضلاع کی سطح پر ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کا معیار بلند کیا جارہا ہے جس کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے