News Details

30/09/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے،

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، حکومت کو قبائلی عوام کی مشکلات کا نہ صرف بخوبی احساس ہے بلکہ ان مشکلات کے ازالے کے لئے دستیاب وسائل کا بروقت استعمال یقینی بنایا جارہا ہے ۔ قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جارہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں خاصہ دار اور لیویز کو باقاعدہ پولیس میں ضم کیا گیا ہے جو بلاشبہ مشکل مالی حالات میں کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع مہمند سے قبائلی عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایم این اے ساجد خان مہمند، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر مہمند اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وہ خطے کے لئے قبائلی عوام کی قربانیوں کے معترف ہےں اور قبائلی عوام کو درپیش مشکلات کا بھرپوراحساس رکھتے ہیں کیونکہ اُنہوںنے خود بھی ان حالات کا براہ راست سامنا کیا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام اور وہاں نئے نظام کا اجراءبلا شبہ ایک بڑا چیلنج تھاجسے موجودہ حکومت نے پورا کیا ہے،قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے رفتہ رفتہ پورے کئے جارہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ کسی بھی خطے یا علاقے میں نظام کی تبدیلی کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، تاہم ہمت اور حوصلے کے ساتھ مشکل سے مشکل ہدف بھی پورا کیا جا سکتا ہے ۔ موجودہ حکومت نے نئے اضلاع تک صوبائی اداروں اور محکموں کی کامیاب توسیع یقینی بنا کر اس امر کا عملی ثبوت دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی اور اصلاحاتی عمل میں قبائلی عوام کی خواہشات اور توقعات کاپوراخیال رکھا گیا ہے اور آئندہ بھی قبائلی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ عمائدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا۔