News Details

08/09/2020

خیبرپختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے ہمرا ہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو تعلیم و تحقیق کے معیاری مواقع و سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے خیبرپختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے ہمرا ہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم خلیق الرحمن ، چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن ، سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میںشرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نہ صرف پر عزم ہیں بلکہ عملی اقدامات بھی کر رہی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ تعلیم اور صحت کے شعبے موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم و تحقیق کی سرگرمیوں اور انتظامی و مالی اُمور کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس مقصد کیلئے یونیورسٹی ایکٹ میں ضروری ترامیم کی جائیں گی جس سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں وائس چانسلر کی تعیناتی سمیت انتظامی اور مالی اُمور کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ محمود خان نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں جن کو معیاری تعلیم و تحقیق کے مواقع کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ جدید ضروریات سے ہم آہنگ معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ کے بغیر نئے دور کے چیلنجز کا سامنا کرنا ممکن نہیں۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت شعبہ تعلیم میں جد ید رجحانات کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جار ہاہے ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے کیلئے ابتدائی و ثانوی سطح کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات کیلئے رواں بجٹ میں خطیر وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ ہمارا حتمی مقصد اپنی نوجوان نسل کو مستقبل قریب کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار کرنا ہے تاکہ ملک و قوم کو دیر پا ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ۔