News Details

21/08/2020

صحت انصاف کارڈ اسکیم پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک اہم پیش رفت اور صوبائی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحت انصاف کارڈ اسکیم کو صوبے کی عوام کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ایک منفرد ، انقلابی اور عوام دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک اہم پیش رفت اور صوبائی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں ایک محدود پیمانے پر شروع کیا گیا تھا اب اس اسکیم کی کامیابی ، افادیت اور عوامی مقبولیت کے مد نظر اس کو صوبے کی سو فیصد آبادی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر سالانہ 18ارب روپے کی تخمینہ لاگت آئیگی۔ صحت انصاف کارڈ سکیم کو صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک اور اہم وعدہ پورا کرلیا ، جس سے نہ صرف صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات دستیاب ہونگی بلکہ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے، غربت کے خاتمے اور سرکاری ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مشکل مالی صورتحال میں صحت انصاف کارڈ سکیم کی صوبے کی تمام آبادی تک توسیع اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اوراس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت انصاف کارڈ تمام ترسیاسی وابستگیوں کے بالاتر ہو گی صوبے کے ان تمام خاندانوں کو دئیے جائیں جو صوبے کے مستقل رہائشی ہوں۔ اس اسکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع کو صوبائی حکومت کا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب صوبے کا کوئی بھی خاندان معاشی مشکلات کی وجہ سے علاج معالجے کی سہولت سے محروم نہیں رہیگا