News Details
04/08/2020
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اعلان کیا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اعلان کیا ہے اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فارسٹ ملاکنڈ ریجن میں جنگلات کی کٹائی کو کسی بھی قیمت پر روکنا ہے ۔ تمام فارسٹ چیک پوسٹوں پر پولیس اور فارسٹ کا مشترکہ عملہ تعینات کیا جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ جنگلات کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔یہ ہدایات اُنہوںنے ضلع سوات کے ایک روزہ دورہ کے دوران کمشنر ملاکنڈ کے دفتر میں جنگلات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق صوبائی حکومت نے صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کا ہدف پورا کیا اور ان پانچ سالوں میں مزید ایک ارب پوردے لگائے جارہے ہیں ۔ انہوںنے اس بات پرتشویش کا اظہار کیا کہ ایک طرف پودے لگائے جارہے ہیں تو دوسری طرف جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے شکایا ت مل رہی ہیں ۔محمود خان نے جنگلات کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم نے ایک ایک درخت کی حفاظت کرنی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی جنگلات کی کٹائی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کاروائی ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ جس علاقے سے غیر قانونی لکڑی پکڑی گئی اس علاقے کے ڈی ایف او اور دیگر ذمہ داران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ اب کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں ہو گی محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگر قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کرلیں ۔ اگرقانون کے نفاذ میں کوئی مسئلہ ہے تو آگاہ کریں ۔ صوبائی حکومت بھر پورتعاون کرے گی مگر جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا