News Details

30/07/2020

کورونا وائرس کی وبا ءکے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے ازالے ، معیشت کی بحالی اور روزگار کی تخلیق کے لئے عزم نو کے عنوان سے تین سالہ معاشی بحالی پلان ((2020-2023 کا باضابطہ اجراء

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس کی وبا ءکے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے ازالے ، معیشت کی بحالی اور روزگار کی تخلیق کے لئے عزم نو کے عنوان سے تین سالہ معاشی بحالی پلان ((2020-2023 کا باضابطہ اجراءکردیا ہے ۔ اس تین سالہ معاشی بحالی منصوبہ کا تخمینہ لاگت 29ارب روپے ہے ، جو نو مختلف شعبوں میں 43انٹر ونشنز پر مشتمل ہے۔ وزیراعلیٰ نے عزم نو پلان کی تیاری اور اس کے اجراءکو معیشت کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات کا تسلسل اور ایک غیر معمولی کاوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بذات خود پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایس او پیز کے تحت محدود شرکاءپر مشتمل باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، معاون خصوصی برائے آبنوشی ریاض خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اعلیٰ حکام موجود تھے جبکہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکاءکوکورونا وائرس کے معیشت اورروزگار پر پڑنے والے منفی اثرات ، عزم نو پلان کے مقاصد ، پلان کی تیاری اور اس کے اہم فیچرز ، پلان پر عملدرآمد کے طریقہ کاراور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب کے شرکا ءکو آگاہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے ازالے کے لئے وائٹل اکنامک آپریشن مینجمنٹ کا نظام وضع کیا گیا جس کے تحت کورونا کی وجہ سے درپیش صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے گئے تاہم معیشت کی بحالی کے لئے ایک طویل المدتی منصوبہ کی ضرورت تھی جس کی وجہ سے عزم نو معاشی بحالی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ عزم نو بحالی پلان کے تحت نو مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن میں معاشی بڑھوتری ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ ، ذرائع روزگار کی فراہمی ، ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کی مضبوطی و بہتری، صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ، معاشرے کے غریب عوام کا سماجی تحفظ، تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل ، گورننس اور خدمات کی فراہمی کے نظام میں جدت لانے کے علاوہ پبلک ورکس شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عزم نو پلان کی ضرورت و اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وبا کے پھیلاو ¿ کو روکنے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے ازالے کے لئے فور ی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔طویل المدتی حکمت عملی کے تحت عزم نو پلان کا اجراءبھی انہی کاوشوں کی ایک کڑی ہے جونظام صحت کو مستحکم کرنے، وبا کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصانات کا ازالہ کرنے اور اپنی آمدنی کے ذرائع سے محروم ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے دوررس اثرات کا حامل ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ وہ بحالی پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے بذات خود اس کی نگرانی کریں گے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سمیت منصوبے کی تیاری میں شامل صوبائی ٹیم اور تمام متعلقہ محکموں کی کاوش کو سراہا ۔ اور کہا کہ ہم اجتماعی کاوشوں کی بدولت خیبرپختونخوا کو معاشی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اقدامات جاری رکھےں گے