News Details
26/07/2020
کورونا صورتحال، وزیر اعلی محمود خان کا عید الاضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ۔
کورونا صورتحال، وزیر اعلی محمود خان کا عید الاضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ۔
تمام کابینہ ممبران کو عید سادگی سے منانے اور سیاحتی مقامات کی طرف جانے اور حجروں میں رش لگانے سے گریز کرنے کی ہدایت
وزیر اعلی کی منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی شخصیات اور عوام سے بھی عید سادگی سے منانے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل۔
ابھی سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا، عید کے موقع پر سیاحتی مقامات بدستور بندر ہیں گے ، اس لئے سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کیا جائے، محمود خان
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عید الاضحی کے موقع پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر عید کا تہوار سادگی سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام کابینہ ممبران بشمول وزرا ، مشیروں اور معاون خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی عید کا تہوار انتہائی سادگی سے اپنے گھروں پر منائیں، اپنے حجروں میں لوگوں سے عید نہ ملیں اور عید کے دنوں میں سیرو تفریح کے لئے سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ابھی سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا ، عید کے موقع پر صوبے کی سیاحتی مقامات ہرقسم کی سیر و تفریح کے لئے بدستور بندھ رہیں گی لہذا تمام شہری عید کی چھٹیاں اپنے گھروں پر منائیں اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلی نے خود بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عید اپنی رہائش گاہ پر منانے اور کسی سے عید نہ ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے تمام منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی و مذہبی رہنماو ¿ں اور عمائدین پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خود بھی عید سادگی کے ساتھ اپنے گھروں پر منائیں، ایک دوسرے سے عید ملنے سے گریز کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔ انہوں نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ خود کو اور دوسروں کو کورونا وبا سے محفوط رکھنے کے لئے عید کے دنوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں، عید اپنے گھروں پر منائیں، اپنے گھروں، ہجروں اور دیگر مقامات پر ہجوم سے گریز کریں۔ وزیر اعلی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اگر ہم عیدالاضحٰی کے موقع پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاو کو روکنے میں کامیاب رہے تو انشاءاللہ ہم مستقل طور پر اس وبا سے چھٹکارا حاصل کر سکیں گےجس کے لئے منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات علماءسمیت معاشرے کے تمام طبقوں اور عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر سب پر زور دیا ہے کہ عید الاضحٰی کے لئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے۔ انہوں نے آئمہ مساجد اور علمائے کرام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ عید کی نماز اور قربانی کے لئے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ عید کے موقع پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاو کے خطرات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ وزیر اعلی نے صوبہ بھر کے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کے لئے قائم مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔