News Details

23/07/2020

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر صوبے کے سیاحتی مقام کمراٹ میں بین الاقوامی معیار کا کیبل کار منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر صوبے کے سیاحتی مقام کمراٹ میں بین الاقوامی معیار کا کیبل کار منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 14کلومیٹر لمبا یہ کیبل کار کمراٹ اپر دیرتا مد اکلشت لوئر چترال تک تعمیر کیا جائیگا۔ یہ مجوزہ کیبل کار دنیا کا سب سے لمبا اور اونچا کیبل کار ہوگا جس کی تکمیل سے علاقے میں سالانہ 8 ملین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جس کے نتیجے میں علاقے کے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئےں گی اور صوبائی حکومت کے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا ۔ یہ فیصلہ جمعرات کے روزوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ محکمہ سیاحت کے ایک اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں کمراٹ کیبل کار کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلی فیزیبیلیٹی سٹڈی اور انجنیئرنگ ڈیزائن پر کام شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ سیکرٹری سیاحت محمد عابد مجید ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ،ا سپیشل سیکرٹری مسعود یونس ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹووارزم کارپوریشن کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔کمراٹ کیبل کار کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 32 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس کے دونوں اطراف کے اسٹیشنزپر کار پارکنگ کی سہولت جبکہ انٹرمیڈیٹ اسٹیشن پر ریسٹورنٹ کے علاوہ دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوگی ۔منصوبے کے فیزیبیلیٹی سٹڈی پانچ سے چھ مہینوں میں مکمل کیا جائیگا، جس کے بعد اس منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ مزید بتایا گیا کہ بین الاقوامی معیار اور طرز کا یہ کیبل کار اپنی نوعیت کا منفرد کیبل کار ہوگاجو بہت بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ اس بنیاد پر انتہائی قابل عمل ہے کہ اس میں زمین کی خریداری اور معاوضوں کی ادائیگی کے مسائل سامنے نہیں آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی فیزیبیلیٹی اور انجنیئرنگ ڈیزائن پر جلد سے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم اور قابل عمل منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اورمقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کو فروغ دیکر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور صوبے کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں نئے سیاحتی مقامات کو ایکسپلور کرنے کے علاوہ سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر اقدامات شامل ہےں۔ اجلاس میں صوبے کے جنوبی اضلاع کے مشہور سیاحتی مقام شیخ بدین کی بحالی اور ترقی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پرانے اور تاریخی سیاحتی مقام کی بحالی اور ترقی کے لئے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک منصوبہ رکھا گیا ہے جس کا پی سی ون تیار کرکے منظوری کے لئے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنمنٹ کے بعض میچوں کی پشاور میں انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں تیاریوں اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام تیاریوں اور لوازمات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی