News Details

16/07/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا جمعرات کے روز اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور صوبے میں سی پیک اور فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں، پاک افغان تجارت، کورونا صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ کورونا وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت کی موثر حکمت عملی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اس وباءکے وسیع پیمانے پر پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وباءکی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دُنیا کی معیشتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ موجودہ وفاقی حکومت کو رونا وباءاور ملکی معیشت پراس کے منفی اثرات سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھار ہی ہے اور اس سلسلے میں تمام وفاقی اکائیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بروقت اور موثر اقدامات کی وجہ سے صوبے میں کورونا کے کیسز میں واضح کمی آرہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود صوبائی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے اور عوامی فلاح و بہبودکے منصوبوں کیلئے نئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں سی پیک کے تحت صنعتی زونز کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ دیگر چھوٹے صنعتی زونز کے علاوہ رشکئی اکنامک زون کے فلیگ شپ منصوبے کا عنقریب افتتاح کیا جائے گا۔